پونچھ: فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے جمعے کے روزپونچھ میں لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا۔معلوم ہوا ہے کہ فوجی کمانڈر نے پونچھ کے سرنکوٹ میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اور وہاں پر فوج کی تیاریوں کا بچشم جائزہ لیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی خاطر پوری طرح سے تیار ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے جمعے کے روز سرنکوٹ پونچھ کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا۔
سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران شمالی کمان کے کمانڈر نے کہا کہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فوج کی کوششوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔
فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی کو فوج کے سینیئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں:Northern Command Chief Visits LOC فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار، لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی
فوجی کمانڈر کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ موصوف فوجی کمانڈر نے پونچھ کے دورے کے دوران فوج کے سینیئر آفیسران کے ساتھ گفت وشنید کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم دراندازی مخالف گرڈ کی سراہنا کی۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے کے لئے فوج کے نظم و ضبط کی داد دی۔
(یو این آئی)