پونچھ (جموں کشمیر) :قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتے کی صبح جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ چھاپے رواں برس ضلع راجوری کے ڈنگری علاقے میں ہوئے عسکری حملہ سے متعلق درج کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مارے گئے۔ یاد رہے کہ ڈنگری، راجوری میں ہوئے عسکری حملہ میں سات عام شہری جبکہ درجن سے زائد شدید زخمی ہوئے تھے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے پولیس کی مدد سے ہفتے کی صبح سرحدی ضلع پونچھ کے پانچ مقامات پر چھاپے مارے۔ ان میں تحصیل مینڈر کا گورسی گاؤں بھی شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گوری علاقے میں ممنوعہ عسکریت پسند تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسندوں کے معاونین کے رہائشی گھروں پر مارے گئے اور چھاپے کے دوران باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ اور اس دوران کئی ڈیجیٹل آلات اور قابل اعتراض مواد، دستاویز ضبط کیے گئے۔
این آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دو ملزمین نثار حمد عرف حاجی نثار اور مشتاق حسین کو 31اگست کو حراست میں لیا گیا تھا جو اس وقت جموں کے کوٹ بلوال جیل میں قید ہیں۔ این آئی اے پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ چھان بین اور ان ملزمین کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کے پس منظر میں پونچھ ضلع میں آج چھاپے مارے گئے۔
مزید پڑھیں:SIA Raids Kashmir شوپیان میں ایس آئی اے کی چھاپہ مار کاروائی
قومی تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد نے ہی ڈنگری میں حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کی نہ صرف معاونت کی تھی بلکہ انہیں لاجیسٹک سپورٹ بھی فراہم کیا تھا۔ انہوں نے ہی دو ماہ تک حملہ آوروں کی پوری طرح معاونت کی اور انہیں ایک کمین گاہ میں بھی چھپایا تھا جو ان ہی دو افراد نے بنایا تھا۔ این آئی اے انویسٹی گیشن میں کہا گیا ہے کہ دونوں افراد پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) ہینڈلرز سیف اللہ عرف ساجد جٹ، ابو قتل المعروف قتل سندھی اور محمد قاسم کے کہنے پر آپرینز انجام دے رہے تھے۔