پونچھ ضلع کے سورنکوٹ علاقہ میں مسلح پولیس کیمپ احاطہ میں پراسرار دھماکہ سرنکوٹ، پونچھ:جموں ڈویژن کے پونچھ ضلع میں دیر رات ایک مشتبہ دھماکہ ہوا۔ یہ بلاسٹ ضلع کی تحصیل سرنکوٹ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر جموں و کشمیر پولیس کی آرمڈ بٹالین کے احاطے میں ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم بتایا جا رہا ہے کہ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:
Mysterious Blast in Kishtwar کشتواڑ میں پراسرار دھماکہ، ایک شخص ہلاک
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سکییورٹی فورسز اور دیگر اداروں کے اہلکار موقعے پر پہنچ گئے۔ آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر رات گئے تک سرچ آپریشن چلایا گیا۔ بدھ کی صبح سے ایک بار پھر تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
وہیں، انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون ائنند جین نے اس بارے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'سورنکوٹ میں جے کے پولیس کی آرمڈ بٹالین کے پارکنگ ایریا میں گذشتہ رات کچھ کم شدت والے پراسرار دھماکے کی اطلاع ملی جس کی وجہ سے وہاں کھڑی کچھ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔'
واضح رہے کہ اس سے قبل یکم نومبر کو سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک لینڈ مائن دھماکے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ اُس وقت پیش آیا جب فوجی اہلکار ایل او سی کے قریب پھگواری گلی، مینڈھر میں گشت کر رہے تھے۔ اس سے پہلے بھی روٹین ڈیوٹی کے دوران کئی بار لینڈ مائن دھماکے ہو چکے ہیں۔