جموں: جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے سرحدی علاقے بالا کوٹ سیکٹر میں سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بالا کوٹ سیکٹر کے دھابی دھرتی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے اتوار کی صبح تلاشی آپریشن شروع کیا اور ایک وسیع العریض جنگلی علاقے میں پہرے بٹھا دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں سے لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر پاکستان سے متصل سرحدوں پر سکیورٹی فورسز کی چوکسی بڑھائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز پونچھ کے کئی سرحدی علاقوں کو سکیورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں کو سیل کیا۔