پونچھ: بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر سرحدی ضلع پونچھ علاقے میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور دو درانداز کو ہلاک کر دیا۔ جموں میں مقیم فوج کے دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پیر کی صبح پونچھ علاقے میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں فوج اور جموں کشمیر پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراندازی کی کوشش کے دوران دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں میں پاک بھارت سرحد پر ڈرونز کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ 5 جون کو بی ایس ایف نے امرتسر کے قریب ایک پاکستانی ڈرون کو مار گرایا جس میں منشیات کی کھیپ تھی۔ بی ایس ایف نے بتایا کہ 5 جون کو تقریباً 9.45 پر جوانوں نے پاکستانی ڈرون کی آواز سنی۔ سرحد پر تعینات سیکیورٹی فورسز نے ڈرون کو روکنے کے لیے فائرنگ کی۔ اس دوران فوجیوں نے کامیابی کے ساتھ پاکستانی ڈرون کو منشیات سمیت مار گرایا۔