سرینگر (جموں و کشمیر):فوج نے جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سنیل بارٹوال کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ستمبر کی پانچ اور چھ تاریخ کی درمیانی شب پونچھ ضلع کے منڈی علاقے میں دو عسکریت پسندوں کو لائن آف کنٹرول کو پار کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس پر بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے عسکریت پسندوں کو روکنے کے لیے فوری طور پر آپریشن شروع کیا۔‘‘
دفاعی ترجمان کے مطابق ’’تلاشی کارروائی کے دوران گھنے جنگل اور اونچی پہاڑیوں کے بیچ عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز فائرنگ شروع کی جس کے جواب میں سیکورتی فورسز نے بھی گولہ باری شروع کی۔ اگلے روز تک جاری رہنے والی فائرنگ کے تبادلے میں دونوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔‘‘ دفاعی ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہلاک کیے گئے ایک عسکریت پسند کی لاش سیکورٹی اہلکار نے اپنی تحویل میں لے لی ہے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ جبکہ علاقے میں دوسرے عسکریت پسند کی لاش کی بر آمدگی کے لیے تلاشی مہم جاری ہے۔