منڈی( پونچھ):ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے غلام احمد میموریل سب ضلع ہسپتال منڈی میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام ایوشمان بھارت کے تحت بلاک ہیلتھ میلہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بلاک ہیلتھ میلہ میں راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ سے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم موجود رہی۔ جس میں ماہر امراض نِسواں، فزیشن، سرجن، ای این ٹی کے علاوہ سب ضلع ہسپتال منڈی کے ڈاکٹروں سمیت دیگر ہسپتال کا عملہ بھی موجود رہے۔یاد رہے منڈی، ساوجیاں، لورن، اڑائی، چھیلہ، ڈھانگری، اتولی، بائیلہ، فتح پور، سلونیاں، ساتھرہ و دیگر ملحقہ علاقہ جات کے لوگوں نے اس ہیلتھ میلہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس حوالے سے مزید جانکاری دیتے ہوئے انچارج بلاک میڈیکل آفیسر منڈی ڈاکٹر اعجاز جان نے کہا کہ بلاک ہیلتھ میلہ چیف میڈیکل آفیسر پونچھ کی ہدایات پر اور بلاک میڈیکل آفیسر منڈی ڈاکٹر نصرت النساء بھٹی کی مکمل نگرانی میں لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ہیلتھ میلہ کا مقصد اُن افراد کا مفت طبی معائنہ کرنا تھا جو منڈی تحصیل کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے غریب غرباء لوگ ضلع ہسپتال پونچھ تک رسائی نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال پونچھ سے آئے ہوئے ماہر ڈاکٹروں نے متعدد مریضوں کا مکمل طبی معائنہ کرکے انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی ہیں۔