راجوری:وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا کہجموں صوبے کے راجوری علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف ایک وسیع آپریشن کے دوران پانچ جوان ہلاک ہو گئے ہیں۔ انکاؤنٹر کے مقام پر ہوئے ایک آئی ای ڈی دھماکے میں کم از کم دو فوجی اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ ایک افسر سمیت چار فوجی جوان زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے ادھمپور میں واقع کمانڈ ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ بعد میں تین فوجی اہلکاروں نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ فوج ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں کی شناخت لانس نائک روچن سنگھ راوت ساکن کنی گڑھ اتراکھنڈ، پیرا ٹروپر سدھانت چھیتری ساکن دارجلنگ مغربی بنگال، لانس نائک اروند کمار ساکن سوری ہماچل پردیش، حوالدار نیلم سنگھ ساکن ڈلپت جموں و کشمیر اور پیرا ٹروپر پرمود نیگی ساکن شلائی ہماچل پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جب عسکریت پسندوں کے گرد گھیرہ تنگ کیا جارہا تھا تو انہوں نے ایک بارودی دھماکہ کیا جس میں فوج کو جانی نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ وہیں اس علاقہ میں حکام نے انٹرنٹ خدمات معطل کردی گئی ہے اور اس دوران سکیورٹی فورسز کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔فوجی ترجمان کے مطابق جمعہ کی صبح ساڑھے سات بجے فوج نے ایک غار میں چھپے عسکریت پسندوں کے گرد محاصرہ ڈالا۔ یہ علاقہ کافی سرسبز ہے اور اس میں کافی چٹانیں موجود ہیں۔ فوج نے کہا کہ علاقے میں اضافی کمک روانہ کردی گئی ہے ۔ زخمی فوجیوں کو علاج کیلئے ادھمپور کے کمانڈ ہاسپٹل میں منتقل کردیا گیا ہے۔