پونچھ:ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، جموں، ڈاکٹر راجیو کمار شرما نے سرحدی ضلع پونچھ کے غلام احمد میموریل سب ضلع ہسپتال منڈی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سب ضلع ہسپتال منڈی کی زیر تعمیر عمارت اور مریضوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وہیں بلاک میڈیکل آفیسر منڈی ڈاکٹر نصرت النساء بھٹی کی جانب سے ہسپتال میں جگہ کی قلت اور بالخصوص ایک ماہر امراض خواتین، فزیشن سمیت دیگر عملہ کی خالی اسامیوں کا معاملہ بھی زیر غور لایا گیا۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران نے ضلع پونچھ خاص کر سب ضلع اسپتال منڈی کا دورہ کیا جس دوران بار ہا ان سے عملہ کی کمی سمیت دیگر درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا گیا۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ ’’یہاں صحت کے نظام میں بہتری آنے کے مزید ابتر ہو رہی ہے۔ اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور جگہ کی قلت عوام کے لیے پریشانیوں کا باعث بنی ہوئی ہے۔‘‘ سب ضلع اسپتال میں ایک طویل مدت سے گائینوکلوجیسٹ اور فزیشن سمیت دیگر اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ جس کے سبب آئے روز لوگ کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ اس حوالہ سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر راجیو کمار شرما نے کہا کہ ’’اگرچہ سب ضلع ہسپتال منڈی کا عملہ انتہائی تندہی اور جانفشانی سے کام سرانجام دے رہا ہے، تاہم چند یہاں چند کمیاں اور مسائل ضرور ہیں، جنہیں جنگی بنیادوں پر حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔‘‘