جموں:جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں پیر کی صبح کھیت سے ایک نوجوان کی لاش بر آمد کی گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے بنولہ مینڈھر گاؤں میں پیر کی صبح کھیت سے ایک نوجوان کی لاش دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ متوفی کی شناخت 21 سالہ محمد واسد ولد محمد اسلم ساکن بنولہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن مینڈھر میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے۔ بتا دیں کہ جموں و کشمیر کے پونچھ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے سیلاب میں بہہ گئے دو فوجیوں کی لاشیں ملی ہیں۔ حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں فوجی اہلکار سورنکوٹ کے علاقے میں ڈوگرہ نالہ عبور کر رہے تھے کہ تیز کرنٹ کی زد میں آکر بہہ گئے۔ حکام کے مطابق نائب صوبیدار کلدیپ سنگھ کی لاش ہفتے کی رات ڈوگرہ نالے سے نکالی گئی، جب کہ اتوار کو ایک اور فوجی کی لاش برآمد ہوئی۔