ضلع پونچھ میں تقریباً دو برسوں سے چنڈک تا منڈی بدھا امرناتھ تک سڑک کی کشادگی کا کام جاری ہے لیکن زیر تعمیر سڑک کے کام میں اس قدر سست روی برتی جارہی ہے جس سے عوام سخت پریشان ہے۔
اس تعلق سے سماجی کارکن تنویر احمد تانترے نے کہا کہ دوسال قبل جب روڈ کی کشادگی کا کام شروع کیا گیا تھا منڈی اور چنڈک کی عوام بہت خوش تھی۔
لیکن دو برس گزرجانے کے بعد بھی سڑک کی کشادگی کا کام مکمل نہیں ہوا اور اب زیر تعمیر سڑک ڈرائیوروں اور عام راہگیروں کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہے۔
اس خستہ حال راستے سے سفر کرتے ہوئے کئی نوجوانوں نے اپنی جانیں بھی گنوائی ہیں اور کئی لوگوں نے اپنے اعضأ بھی کھوئے ہیں لیکن پھر بھی انتظامیہ خواب غفلت سے بیدار نہیں ہوئی۔
چنڈک تا منڈی سڑک خستہ حال تانترے نے جموں و کشمیر کے لیفٹینٹ گورنر سے اپیل کی ہےکہ وہ اس سڑک پر کم از کم تارکول بچھا کر عوام کے لیے راحت کا کام کریں ۔
بی جے پی کے سینیئر کارکن حاجی محمد اشرف نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے منڈی، لورن، ساوجیاں، بائیلہ وغیرہ کی عوام تو پریشان ہے ہی اس کے علاوہ جن بے روزگار نوجوانوں نے روزی روٹی کمانے کی غرض سے بینک سے قرض لیکر گاڑیاں لی تھیں وہ اس خستہ حال سڑک پر سال بھر بھی نہیں ٹک پائی۔
انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہےکہ وہ سڑک کی خستہ حالی اور عوام کی پریشانی کو گورنر انتظامیہ تک پہنچائیں۔