جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے شاہ پور، کرنی اور دگوار سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول پر ہفتے کی صبح بھارت اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم کسی بھی جانب سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے شاہ پور، کرنی اور دگوار سیکٹروں میں ایل او سی پر ہفتے کی صبح قریب سوا نو بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری اور فائرنگ شروع کر دی۔
پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، نقصان کی اطلاع نہیں انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات فوجی جوانوں نے اس حملے کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ تاہم فی الوقت کسی بھی جانب سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان آئے روز کی گولہ باری کے تبادلے سے سرحد کے آرپار کی بستیوں کے لوگوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔