پونچھ (جموں و کشمیر) :سرحدی ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی میں ایک دریا سے نوزائدہ کی لاش برآمد ہوئی۔ مقامی باشندوں نے اسے ’’افسوس کن‘‘ قرار دیتے ہوئے پونچھ پولیس سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاکہ ’’مستقبل میں اس طرح واقعات رونما نہ ہوں۔‘‘
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ منڈی پل کے نزدیک دریا میں مقامی باشندوں نے ایک بچے کی لاش دیکھی جس کے بعد انہوں نے فوری طور آس پاس کے باشندوں اور پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس اور مقامی رضاکاروں نے نوزائدہ کی بازیاب کر کے اسے سب ضلع اسپتال، منڈی پہنچایا۔ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال پہنچانے پوسٹ مارٹم سمیت دیگر طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد نوزائدہ کی لاش کو پولیس کے سپرد کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طبی معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ لاش بوسیدہ ہو چکی ہے، غالب گمان ہے کہ بچہ کئی روز قبل فوت ہو چکا ہے۔