پونچھ: 20 اپریل کو پونچھ ضلع کے بھٹادھولیاں علاقے میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے فوج کی گاڑی پر حملہ کر کے پانچ فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس دوران عسکریت پسند اپنے ساتھ دو فوجی جوانوں کی رائفلیں بھی لے گئے، جبکہ آگ لگنے سے چار جوانوں کی رائفلیں جل کر راکھ ہو گئیں۔
عسکریت پسندوں نے یہ پورا حملہ دو سے تین منٹ تک کیا جس میں اسّی سے زائد گولیاں چلیں، 52 گولیاں فوجی گاڑی کو لگیں۔ جو زیادہ تر اسٹیل کی گولی تھی۔ ذرائع کے مطابق جب عسکریت پسندوں نے فوج کی گاڑی پر حملہ کیا، اس وقت فوج کی گاڑی میں چار جوان پیچھے بیٹھے تھے اور ڈرائیور کے ساتھ ایک اور جوان سامنے بیٹھا تھا۔
حملے کے دوران عسکریت پسندوں نے فوجی گاڑی کو آگ لگا دی تھی، جس کے باعث پیچھے بیٹھے فوجیوں کے ہتھیار بھی جل کر راکھ ہو گئے جبکہ ڈرائیور اور سامنے بیٹھے دیگر فوجیوں کے ہتھیار محفوظ رہے۔ حملے کے بعد فرار ہوتے ہوئے عسکریت پسند دونوں فوجیوں کے ہتھیار بھی اپنے ساتھ لے گئے۔