جموں:صوبہ جموں کے پونچھ ضلع میں کرشنا گھاٹی علاقے میں جمعہ کی شام عسکریت پسندوں نے فوجی گاڑیوں پر حملہ کرکے اندھا دندھ گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہو گئے۔ اگرچہ کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے تاہم واقعے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہوئے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔ گزشتہ روز شروع کیے گئے تلاشی آپریشن کو آج بھی جاری رکھا گیا ہے۔ بتا دیں کہ یہ سال کا پہلا حملہ ہے جو 21 دسمبر کو ساونی کے علاقے میں ہونے والے حملے کےتین ہفتوں بعد ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ فوج کی 39 راشٹریہ رائفلز کا کمانڈنگ آفیسر (سی او) دو دیگر گاڑیوں کے ساتھ لوئر کرشنا ویلی میں واپس اپنے یونٹ کی جان جا رہا تھا تاہم وادی کرشنا سے جیسے ہی ان کی گاڑی دراٹی گاؤں پہنچی، چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا اور چھ سے سات راؤنڈ فائرنگ کرکے وہاں سے بھاگ گئے۔ سی او کی گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ جبکہ حملے کے فوراً بعد فوجیوں نے چارج سنبھال لیا اور جوابی کارروائی کی۔ فوجیوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور آج دوسرے روز بھی فوج اور پولیس کی مشترکہ تلاشی کارروائی جاری رہی۔