پونچھ:سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے متعدد پرائمری ہیلتھ سینٹرز میں سنہ2018 میں مقامی ایم ایل اے اور ایم ایل سی کی جانب سے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایمبولینس فراہم کی گئی تھیں تاکہ منڈی تحصیل کے دور دراز علاقوں کے باشندوں کو کسی بھی ایمرجنسی کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تاہم یہ ایمبولنس گزشتہ کئی ماہ سے بے کار پڑی ہوئی ہیں جن کا فائدہ عوام کو حاصل نہیں ہو پا رہا ہے۔
منڈی تحصیل کے پرائمری ہیلتھ سینٹر پلیرہ میں گزشتہ 10 ماہ سے ایمبولینس ڈرائیور نے تنخواہ واگزار نہ کیے جانے اور ایمبولنس کے ڈیزل اور ضروری کاغذات کے لیے فنڈس واگزار نہ کیے جانے کے سبب ایمبولنس سروس بند کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایمبولینس ڈرائیور جمیل احمد نے کہا کہ ’’اس سے قبل گاڑی کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے ڈیزل وغیرہ فراہم کیا جاتا تھا لیکن گزشتہ کئی ماہ سے محکمہ نے ڈیزل خرچہ بند کر دیا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’جب سے ایمبولینس فراہم کی گئی ہے تب سے میری تنخواہ ابھی تک صرف ایک بار ہی واگزار کی گئی ہے۔ اور تنخواہ واگزار نہ کیے جانے کے سبب مجھے مجبورا ایمبولنس سروس بند کرنی پڑی۔‘‘