پونچھ (جموں کشمیر) :جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگنے سے ایک فوجی (اگنی ویر) کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس نے بدھ کو یہ معلومات فراہم کی۔ پولیس میڈیا بیان میں کہا گیا کہ کانسٹیبل امرت پال سنگھ (اگنی ویر) منکوٹ سیکٹر میں فارورڈ پوسٹ پر تعینات تھے، صبح پانچ بجے گولی چلنے کی آواز آنے کے بعد سنگھ کا ایک ساتھی وہاں پہنچا اور سنگھ کو خون میں لت پت پایا۔
پولیس بیان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ سنگھ اپنی ہی سروس رائفل سے خارج ہونے والی گولی سے ہلاک ہوا ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ فوجی نے خودکشی کی ہے یا اس کی سروس رائفل سے حادثاتی طور گولی چلی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے معاملہ درج کرکے اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔