براچھڑ، پونچھ کے باشندے پینے کے صاف پانی سے محروم پونچھ (جموں کشمیر) :سرحدی ضلع پونچھ میں تحصیل منڈی کے لورن، براچھڑ علاقے کے باشندے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔ مقامی باشندوں نے اس حوالہ سے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے باشندے پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں، جبکہ حکام کی جانب سے لوگوں کی مشکلات دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔
عادل ایوب نامی ایک مقامی باشندے نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ عرصہ قدیم سے پینے کے صاف پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں دہائیاں قبل نصب کی کی پانی کی پائپیں جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہیں۔ جس کے سبب لوگوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہو پا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے باشندوں کو ہر روز کئی کئی کلومیٹر دو سفر کرکے پینے کا صاف پانی حاصل کرنا پڑتا ہے اور روزانہ کا یہ عمل ان کے لئے کافی تکلیف دہ ہے۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ پانی کی عدم دستیابی کے حوالہ سے انہوں نے بار ہا متعلقہ محکمہ کے عہدیداران تک معاملہ پہنچایا تاہم اس کے باوجود متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے اور نہ ہی علاقہ میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی سہولیات میسر نہ ہونے کے سبب مقامی لوگوں کو شدید بارشوں اور برفباری کے دوران ناقابل بیاں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں:گرٹوالی پورہ، بجبہاڑہ میں پانی کی شدید قلت
لوگوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں پنچائیت براچھڑ میں بھی ’’جل جیون مشن‘‘ اسکیم کا اعلان کیا گیا تھا جس کا مقصد ’’ہر گھر نل اور ہر گھر جل‘‘ خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے تاہم علاقہ لورن میں ’جل جیون مشن‘ اسکیم کے تحت کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی اور حکومتی اعلان محض کاغذوں تک ہی محدود رہا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن گھروں میں ابھی تک ’’جل جیون مشن‘‘ اسکیم کے تحت پائپیں نہیں لگائی ہیں، اُن گھروں تک جلد از جلد پینے کے پانی کی پائپیں نصب کی جائیں تاکہ لوگوں کو کچھ حد تک راحت نصیب ہو سکے۔