جموں: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں مغل شاہراہ پر چٹانیں گر آنے کے نتیجے میں تین ٹرکوں کو نقصان پہنچا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز مغل شاہراہ پر بفلیاز کے نزدیک تین گاڑیوں پر پتھر گر آئے جس وجہ سے اُنہیں نقصان پہنچا۔ مغل روڈ پر مٹی کے تودے گرنے سے تین ٹرکوں کو نقصان پہنچا جبکہ کٹھوعہ میں کم از کم 12 افراد کو سیلاب زدہ اُجھ ندی سے بچایا گیا۔ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش کے بعد چھترال نالے میں طغیانی کی وجہ سے درجنوں طلباء طویل عرصے تک پھنسے رہے۔
پونچھ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع پونچھ کے علاقے سورنکوٹ میں مغل روڈ پر بافلیاز کے قریب پتھراؤ اور لینڈ سلائیڈنگ سے تین ٹرکوں کو نقصان پہنچا۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تینوں ٹرک کشمیر کے شوپیاں کی طرف سے آرہے تھے اور مغل روڈ اور پونچھ کے راستے جموں کی طرف جارہے تھے۔ مغل روڈ پر بفلیاز میں پولیس ناکے کے قریب گاڑیاں کھڑی تھیں۔ ڈرائیور اور ہیلپر اس وقت گاڑیوں میں نہیں تھے اور چائے کے اسٹال پر بیٹھے تھے۔ اچانک، صبح کے اوقات میں پتھر ان سے ٹکرا گئے جس کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ لوگ حفاظت کے لیے بھاگے۔ سبھی خوش قسمت رہے کیونکہ اس حادثے میں کسی کو چوٹ نہیں آئی اور نہ ہی کوئی جانی نقصان پہنچا۔ ان کے ڈرائیوروں کی شناخت گرودو سنگھ ولد اجیت سنگھ، پنجاب کے ہوشیار پور کے رہائشی تھے۔ شکیل احمد ولد محمد لطیف ساکنہ ادھم پور اور چھوٹو رام ولد بدری ناتھ ساکنہ ادھم پور کے رام نگر کے طور ہوئی ہے۔