بجلی کرنٹ لگنے سے 20 سالہ نوجوان زخمی پونچھ:سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں ایک 20سالہ نوجوان بجلی کے راست رابطے میں آکر شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق ڈنوگام علاقے کا رہائشی ارشاد احمد ولد مشتاق احمد منڈی علاقے میں ایک دکان پر کام کر رہا تھا اور وضو کے لیے نزدیکی دریا کی جانب چلا گیا جہاں، رپورٹس کے مطابق، بجلی ترسیلی لائن زمین کے کافی نزدیک تھی اور ارشاد اس کے راست رابطے میں آکر زخمی ہو گیا۔
مقامی باشندوں نے فوری طور ارشاد احمد کو سب ضلع اسپتال، منڈی، پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے ضلع اسپتال پونچھ ریفر کر دیا گیا۔ ضلع اسپتال کے معالجین نے ارشاد کی حالت مستحکم قرار دی تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں مزید طبی امداد کے لیے کچھ وقت تک اسپتال میں زیر علاج رکھ کر مزید انویسٹی گیشنز انجام دی جائیں گیں۔
ادھر، مقامی باشندوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ارشاد احمد کے زخمی ہونے کے لیے محکمہ بجلی کو راست تنقید کا نشانہ بنایا۔ مقامی باشندوں کے مطابق ’’محکمہ بجلی کی لاپرواہی کی وجہ سے ایسے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔‘‘ مقامی باشندوں کا دعویٰ ہے کہ ’’اکثر بجلی ترسیلی لائنز زمین سے کافی نزدیک لٹکتی رہتی ہیں اور وقت رہتے انہیں محکمہ بجلی کی جانب سے درست نہیں کیا جاتا۔‘‘
مزید پڑھیں:Elderly man dies of electrocution: ویری ناگ میں مچھلیاں پکڑنے کے دوران ایک شخص کرنٹ لگنے سے ہلاک
مقامی باشندوں کے مطابق علاقے میں بجلی ترسیلی نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ علاقے میں ٹرانسفارمر، بجلی ترسیلی لائنز گھروں، شاپنگ کمپلیکس کے نزدیک سے ہوکر گزرتی ہیں۔ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ محکمہ بجلی کو بار ہا مطلع کیا گیا تاہم انہوں نے ترسیلی نظام کو صحیح کرنے کے حوالہ سے کبھی بھی خاطر خواہ اور سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے۔