پونچھ: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کے پہاڑی علاقے میں ایک اسکول وین کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 14 لوگ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 13 طلبا اور ایک دیگر شخص شامل ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ زخمیوں کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال مینڈھر لے جایا گیا۔
جانکاری کے مطابق ایکو وین JK 12C 0613 مینڈھر کے گاؤں کیری سے دسویں جماعت کا امتحان دینے کے لیے طلبہ کو لے کر مینڈھر کی طرف جارہی تھی کہ کانگڑا گاؤں کے قریب ایک موڑ پر ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا اور ایکو وین الٹ گئی۔ مذکورہ وین پچاس فٹ گہری کھائی میں جا گری، حادثے کے دوران گاڑی میں سوار چھ لڑکیوں اور آٹھ لڑکوں سمیت چودہ افراد زخمی ہوئے، جنہیں مقامی لوگوں نے پولیس ٹیم کے ساتھ مل کر ریسکیو کیا اور فوری طور پر ہسپتال میں داخل کرایا۔ ڈسٹرکٹ اسپتال مینڈھر نہ ابتدائی طبی امداد کے بعد دو کی حالت تشویشناک دیکھ کر جی ایم سی ریفر کر دیا گیا۔