اڈیشہ میں ’مطلوب‘ کشمیری شخص گرفتار جاجپور (اڈیشہ) :سی آئی ڈی کی خصوصی ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے ایک بڑی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک کشمیری ’’فراڈی ملزم‘‘ کو گرفتار کر لیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ گرفتار کیے گئے شخص کے کچھ مشکوک اور غیر ملکی عناصر کے ساتھ روابط بھی سامنے آئے ہیں۔ ملزم کی شناخت 37سالہ سید ایشان بخاری عرف ڈاکٹر ایشان بخاری کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ٹی ایف کی ایک خصوصی ٹیم نے جاجپور ضلع کے نیول پور علاقے میں چھاپہ مار کر بخاری کو گرفتار کیا۔ ایس ٹی ایف کے سینئر افسران نے بتایا کہ ملزم کشمیر پولیس کو بھی دھوکہ دہی اور جعل سازی کے ایک مقدمے میں مطلوب ہے اور اس کے خلاف ایک غیر ضمانتی گرفتاری وارنٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ ایس ٹی ایف نے ایک بیان میں کہا، ’’یہ بھی پایا گیا کہ وہ کیرالہ میں مشکوک افراد اور کچھ پاکستانی شہریوں کے ساتھ بھی رابطے میں تھا۔‘‘
مزید پڑھیں:بارہ بنکی: جعل سازی کرنے والا شخص گرفتار
ایس ٹی ایف کے افسران نے مزید بتایا کہ چھاپے کے دوران 100 سے زائد دستاویز ضبط کیے گئے ہیں۔ حیران کن طور پر ملزم ’’نیورو اسپیشلسٹ ڈاکٹر، آرمی ڈاکٹر، پی ایم او میں افسر، این آئی اے کے اعلیٰ حکام کے قریبی ساتھی کا روپ دھر رہا تھا۔‘‘
حیران کن انکشافات
اوڈیشہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم، سید ایشان بخاری، نے کم از کم 6-7 لڑکیوں سے شادی رچائی ہوئی ہے، جو ہندوستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھتی ہیں جن میں کشمیر، اتر پردیش، مہاراشٹر اور اڈیشہ شامل ہیں۔ وہ مختلف ویب سائٹس/ ایپس پر بھی سرگرم تھا اور متعدد لڑکیوں کے ساتھ رومانوی تعلقات قائم کیے ہوئے تھا، جس میں وہ خود کو بین الاقوامی ڈگری رکھنے والے ڈاکٹر کے طور پر خود کو پیش کرتا تھا۔
ضبطی
پولیس بیان کے مطابق جعلی دستاویز ضبط کی گئیں ہیں جن میں امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی، کینیڈین ہیلتھ سروسز انسٹی ٹیوٹ، کرسچن میڈیکل کالج ویلور کی طرف سے جاری کیے گئے میڈیکل ڈگری سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔ کچھ خالی دستخط شدہ دستاویزات/ حلف نامے/ بانڈ، متعدد شناختی کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ، خالی چیک، آدھار کارڈ، وزٹنگ کارڈ بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
اوڈیشہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک اہم گرفتاری ہے جس سے دھوکہ دہی اور جعل سازی کے خلاف جدوجہد میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔