بھونیشور: ریلوے کے سیفٹی کمشنر (ساؤتھ ایسٹرن سرکل) شیلیش پاٹھک نے پیر کو اوڈیشہ کے بالاسور میں ٹرین حادثے کی جانچ شروع کردی ہے۔ اس المناک حادثے میں اب تک 275 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ پاٹھک آج بہانگا بازار اسٹیشن پہنچے اور کنٹرول روم، سگنل روم اور جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ ریلوے کے سیفٹی کمشنر (ساؤتھ ایسٹرن سرکل) شیلیش پاٹھک نے کہا کہ کمیشن آزادانہ تحقیقات کر رہا ہے۔ ابتدائی تفتیش جاری ہے جس کے بعد ہی واضح معلومات سامنے آئیں گی۔
شیلیش پاٹھک نے اپیل کی کہ ریلوے مسافر، مقامی عوام اور دیگر ادارے حادثے سے متعلق کوئی بھی معلومات فراہم کرنے کے لیے کمیشن سے رجوع کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اتوار کو وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں سی بی آئی کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے بورڈ نے اس معاملے کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کی سفارش کی ہے۔