اڈیشہ:صدر دروپدی مرمو جنہوں نے صدر جمہوریہ کے عہدے پر ایک سال مکمل کر لیا ہے، منگل کو اپنی آبائی ریاست اڈیشہ کے تین روزہ دورے پر پہنچی ہیں۔ وہ بدھ کو کٹک جائیں گی اور 27 جولائی کو دہلی واپس آئیں گی۔ راج بھون میں وہ آدھے گھنٹے تک ان میڈیکل طلباء کے ساتھ بات چیت کریں گی جو اٹوٹ بندھن 'ان بریک ایبل بانڈ فیملی سے مستفید ہورہے ہیں۔ 'ان بریک ایبل بانڈ فیملی' ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ غریب میڈیکل طلباء کی مالی مدد کے لیے آگے آتے ہیں۔ غیر منافع بخش تنظیم فی الحال ریاست کے مختلف میڈیکل کالجوں کے 52 طلباء کی مدد کر رہی ہے۔ کٹک کے اپنے دورے کے دوران وہ بدھ کو چندی مندر میں پوجا کریں گی۔ اس کے بعد اتکل گورو مدھوسودن داس کی رہائش گاہ جائیں گی اور ان کی مورتی پر پھول چڑھائیں گی۔
عہدیدار نے بتایا کہ صدر جمہوریہ نیتا جی سبھاش چندر بوس کی جائے پیدائش اور نیتا جی میوزیم کا بھی دورہ کریں گی۔ اس کے علاوہ وہ اڑیسہ ہائی کورٹ کے 75 سال مکمل ہونے پر کٹک میں منعقدہ پروگرام اور ایس سی بی میڈیکل کالج اور اسپتال کے سالانہ تقریب سے خطاب کریں گی۔ اسی دن وہ نیشنل لاء یونیورسٹی، اڈیشہ کے کانووکیشن کی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔