بھونیشور: مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو نے اوڈیشہ کے بالاسور میں رات بھر جاری رسکیو کے کام کا جائزہ لیا۔ ویشنو نے کہا کہ کمشنر آف ریلوے سیفٹی نے معاملے کی جانچ کی ہے۔ جانچ کی رپورٹ کا انتظار ہے لیکن ہم نے واقعے کی وجہ اور اس کے ذمہ دار لوگوں کی نشاندہی کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ المناک ٹرین حادثہ الیکٹرانک انٹرلاکنگ میں تبدیلی کی وجہ سے پیش آیا۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ فی الحال توجہ سروس کی بحالی پر ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ بالاسور میں دو مسافر ٹرینیں اور ایک مال گاڑی کے ٹکرانے کی وجہ سے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ اس میں تقریباً 288 مسافروں کی موت ہو گئی۔ حادثے میں ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ وزارت ریل کے مطابق ہولناک حادثے کی جگہ پر مرمت کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔
ریلوے کے وزیر نے کہا کہ حادثے کی اصل وجہ کا پتہ چل گیا ہے۔ آج ٹریک پر سروس بحال ہونے کا امکان ہے۔ اشونی وشنو نے کہا کہ بدھ کی صبح تک سروس کو مکمل طور پر بحال کرنے کا ہدف ہے، تاکہ اس ٹریک پر ٹرینیں چل سکیں۔ پی ایم مودی نے ہفتہ کو جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ہم آج ٹریک کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔ تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف بدھ کی صبح تک بحالی کا کام مکمل کرنا ہے۔