بھونیشور: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اوڈیشہ یونٹ نے ہفتہ کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا، جس میں ہنومان جینتی جلوس کے دوران سنبل پور میں ہوئے تشدد کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی کی ریاستی اکائی کے صدر منموہن سمل اور کئی اراکین پارلیمان اور اراکین اسمبلی کے دستخط شدہ خط میں مرکز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو ہدایت دے کہ وہ سمبل پور میں امن و امان کی بحالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
اوڈیشہ بی جے پی نے خط میں کہا ہے کہ ہم فرقہ وارانہ تشدد کی سخت مذمت کرتے ہیں اور واقعہ کے پیچھے سازش کا پردہ فاش کرنے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے این آئی اے سے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بی جے پی رہنماوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سنبل پور میں 14 اپریل کو ہنومان جینتی سے دو دن قبل ایک موٹر سائیکل ریلی پر منصوبہ بند پرتشدد حملے کی وجہ سے جھڑپیں شروع ہونے کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہو گئی ہے۔