بھونیشور: اڈیشہ کے نواپڈا ضلع میں جمعرات کی رات درگ پوری ایکسپریس کے ایک ایئر کنڈیشنڈ کوچ کے بریک پیڈ میں معمولی آگ لگ گئی۔ ٹرین اس وقت کھریار روڈ اسٹیشن پر پہنچی تھی، آگ کو دیکھ کر مسافروں میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ ایسٹ کوسٹ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایک سرکاری بیان میں ریلوے حکام نے کہا کہ جمعرات کی شام کو ٹرین کے B3 کوچ میں دھوئیں کا پتہ چلا جب وہ کھریار روڈ اسٹیشن پر پہنچی۔ بریک پیڈز میں رگڑ اور بریکوں کے نامکمل ریلیز کی وجہ سے آگ لگ گئی لیکن یہ آگ بریک پیڈ تک ہی محدود تھی جس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ٹرین تقریباً رات 10.10 بجے اسٹیشن پر پہنچی اور مسافروں نے آگ دیکھی جس کے بعد ریلوے حکام کو آگاہ کیا۔ اسٹیشن سے آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔