نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے گذشتہ روز کلیانہ، ضلع میور بھنج، اڈیشہ میں ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کے بچپن میں ان کے گھر کے قریب کوئی اسکول نہیں تھا۔ اس لیے انہیں پڑھائی کے لیے گھر سے دور جانا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قریبی اسکول نہ ہونے کی وجہ سے اس وقت بہت سے بچے تعلیم سے محروم تھے ۔وہ صورت حال آج نہیں ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول کے کھلنے سے اب مقامی بچوں کو تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم معاشی اور سماجی بہبود کی کنجی ہے۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دیں۔ بچوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ بھی ان کی طرح پسماندہ پس منظر سے آتی ہیں۔ انہیں اپنی تعلیم کی وجہ سے شہریوں کی خدمت کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی انہیں کامیاب بنا سکتی ہے۔ تعلیم یافتہ ہونے کے ناطے وہ اپنی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک اور معاشرے کی ترقی میں بھی اپنا تعاون پیش کرسکتے ہیں۔