پوری: اڈیشہ کے پوری میں پولیس نے جرائم پیشہ گروہ کا پردہ فاش کیا ہے اور اس کے سرغنہ سمیت چار دیگر افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے پاس سے اسلحہ کا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔ پوری کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے وشال سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ اسپیشل اسکواڈ گینگ کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ دستے کو شہر کے مضافات میں تعینات کیا گیا تھا، جہاں یہ گروہ ہلہولیا میں ایک متروکہ عمارت میں ڈکیتی کرنے کے لیے جمع ہوا تھا۔ وہيں سے اسپیشل اسکواڈ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے تین پستول، دس بھاری بھرکم کارتوس، ایک خنجر اور ایک موبائل فون برآمد کر لیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے وشال سنگھ نے کہا کہ گینگ کا سرغنہ منو رنجن 18 مجرمانہ مقدمات میں ملوث ہے، جب کہ دیگر ارکان کے سابقہ ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ دیگر چار میں سے ایک کی شناخت جگت سنگھ پور کے سنندا گاؤں کے سومیا رنجن کے طور پر ہوئی ہے، جب کہ ملن مشرا، نیلو بارک اور دیپک سورا پوری شہر کے مختلف علاقوں کے باشندے ہیں۔ واضح رہے ایک ماہ قبل اڈیشہ میں جاج پور پولیس نے مندروں سے دیوتاؤں کی قیمتی مورتیوں کو چرانے والے چوروں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا تھا۔ پولیس نے گینگ کے 4 ارکان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 31 مورتیاں برآمد کی تھی۔