بالاسور:اوڈیشہ کے بالاسور میں جمعہ کی شام ایک بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا۔ کورومنڈیل ایکسپریس اور مال گاڑی بہناگا اسٹیشن کے قریب ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ کورومنڈیل ایکسپریس پٹری سے اتر گئی۔ ٹرین کے کئی ڈبے مال گاڑی پر چڑھ گئے۔ معلومات کے مطابق کورومنڈیل کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں۔ اس حادثے میں اب تک 261 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 900 سے زائد افراد زخمی ہوے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ٹرین کے الٹنے والے ڈبوں میں کئی مسافروں کے پھنس جانے کا معاملہ بھی سامنے آرہا ہے۔ فی الحال اس روٹ پر تمام ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے۔
اسپیشل ریلیف کمشنر کے دفتر نے بتایا کہ ٹیمیں جائے حادثہ پر تلاش اور بچاؤ کارروائیوں کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ ساتھ ہی بالاسور کلکٹر کو بھی تمام ضروری انتظامات کرنے کے لیے موقع پر پہنچنے کی اطلاع دی گئی ہے اور اگر ریاستی سطح سے کوئی اضافی مدد درکار ہے تو ایس آر سی کو بھی مطلع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹریک کو صاف کرنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی فائر سروسز ڈاکٹر سدھانشو سارنگی بھی جائے حادثہ کے لیے ہیڈ کوارٹر روانہ ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت ریسکیو آپریشن کے لیے موقع پر جنریٹر اور لائٹس کا انتظام کر رہی ہے۔
ایڈیشنل ڈی ایم ای ٹی نے بتایا ہم نے 15 ایمبولینسیں موقع پر بھیجی ہیں۔ زخمیوں کو سورو سی ایچ سی منتقل کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔ کچھ کو بہتر علاج کے لیے بھی ریفر کیا جا سکتا ہے۔ 10 مسافروں کو بالاسور میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کورومنڈیل ایکسپریس کا انجن مال ٹرین کے اوپر چڑھ گیا ۔جس سے پتہ چلتا ہے کہ ٹرین کی رفتار بہت زیادہ تھی۔ ٹرین حادثے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی ہے تاہم دونوں ٹرینیں ایک ہی لائن پر آئی تھیں۔ اب قصور کس کا ہے، اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس المناک حادثے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ بالاسور، اڈیشہ میں ایک بدقسمت ٹرین حادثے میں جانوں کے نقصان کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔