بادام پہاڑ: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے گذشتہ روز اڈیشہ میں بادام پہاڑ ریلوے اسٹیشن سے تین نئی ٹرینوں ،بادام پہاڑ- ٹاٹا نگر ایم ای ایم یو ، بادام پہاڑ – راور کیلا ہفتہ وار ایکسپریس اور بادام پہاڑ – شالیمار ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر نئے رائے رنگ پور پوسٹل ڈویژن کا ورچوئل طور پر افتتاح بھی کیا، رائے رنگ پور پوسٹل ڈویژن کا ایک یادگاری خصوصی کوور جاری کیا اور بادام پہاڑ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کے لئے سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی، اس علاقے کی کنکٹی وٹی پر منحصر ہے، چاہے یہ ریل ہو، سڑکیں ہوں یا ڈاک خدمات – یہ سبھی خدمات عوام کی زندگی کو زیادہ آسان بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جو تین ٹرینوں کا آغاز کیا گیا ہے، اس سے جھارکھنڈ اور مغربی بنگال جیسی پڑوسی ریاستوں کے لئے سفر کرنے میں مقامی لوگوں کو کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اڈیشہ کے صنعتی قصبے راور کیلا کا سفر کرنے میں کوئی دشواری یا تکلیف نہیں ہوگی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ سیلف فونس اور کوریئر خدمات کے بڑھتے رجحانات کے باوجود بھارتی ڈاک نے اپنی اہمیت نہیں کھوئی ہے۔ رائے رنگ پور میں ایک نیا پوسٹل ڈویژن کا افتتاح اس خطے کے لئے کافی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس علاقے کے عوام اب آسانی سے ڈاک خدمات حاصل کرسکیں گے۔