نئی دہلی: ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے اتوار کو اوڈیشہ ٹرین حادثے کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کی سفارش کی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے بورڈ نے اس انکوائری کی سفارش کی ہے۔ حادثے کے حوالے سے وزیر ریلوے نے کہا کہ دو ٹریک کلیئر کر دیے گئے ہیں۔ سائیڈ ٹریک پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو مناسب علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ ریلوے ہلاک ہونے والے مسافروں کے اہل خانہ سے رابطہ کر رہا ہے۔
اوڈیشہ ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 275 ہے، 288 نہیں۔ ریلوے بورڈ کی رکن جیا ورما نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ اوڈیشہ کے چیف سکریٹری پردیپ جینا نے بھی اس کی تصدیق کی۔ جینا نے کہا کہ کچھ لاشیں دو بار گنی گئیں۔ زخمیوں کی تعداد 1175 ہے۔ ان میں سے 793 کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے بورڈ نے کہا کہ جو ابتدائی معلومات آئی ہیں اس کے مطابق حادثہ الیکٹرانک انٹر لاکنگ سسٹم میں تبدیلی کی وجہ سے پیش آیا۔ جیا ورما نے حادثے کے حوالے سے کچھ اور معلومات دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مال گاڑی میں لوہا رکھا گیا تھا اس لیے وہ بہت بھاری تھا۔ ان کے مطابق یہ اتنا بھاری تھا کہ اس کی بوگی پٹڑی سے نہیں اتری۔