بالاسور:اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں 2 جون کو ہوئے ٹرپل ٹرین تصادم کے بعد بھونیشور کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں 41 لاشوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ایمس بھونیشور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر (پروفیسر) آشوتوش بسواس نے کہا کہ ہمارے پاس 41 لاوارث لاشیں ہیں۔ لوگ ہمارے پاس آ رہے ہیں اور ہم ڈی این اے کے نمونے میچ کرنے کے بعد لاشیں حوالے کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر بسواس نے بتایا کہ لاشوں کو حوالے کرنے کا عمل جاری ہے۔ دیگر لاشوں کے لواحقین یا دعویدار لاشیں لینے آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے جمعہ کو راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ 'سگنلنگ-سرکٹ-چینج' میں خرابی کی وجہ سے غلط سگنل پاس ہوا جس کی وجہ سے اوڈیشہ کے بالسور ضلع میں ٹرپل ٹرین حادثہ پیش آیا۔
مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ 2 جون کو اوڈیشہ کے بالاسور میں ٹرپل ٹرین حادثہ ہوا۔ جس میں 295 مسافر ہلاک اور 176 دیگر شدید زخمی ہوئے۔ لیول کراسنگ گیٹ پر الیکٹرک لفٹنگ بیریئر لگاتے وقت سگنل سرکٹ کی تبدیلی میں خرابی پیدا ہو گئی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ شالیمار-چنئی سنٹرل کورومنڈیل ایکسپریس (12841) ایک کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جس سے اس کے ڈبے ٹریک پر گر گئیں۔ حادثے سے متعلق راجیہ سبھا کے ارکان کے سوالات کے جواب میں جمعہ کو یہ رپورٹ سامنے آئی۔ ایک تحریری جواب میں اشونی ویشنو نے کہا کہ ان خامیوں کے نتیجے میں ٹرین نمبر 12841 کو غلط سگنل ملا۔ غلط سگنلنگ کے نتیجے میں ٹرین نمبر 12841 اپ لوپ لائن پر چلی گئی اور وہاں کھڑی ایک مال گاڑی (نمبر N/DDIP) سے ٹکرا گئی۔