ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل سینٹرل ریلوے کے دیوا اور ممبرا شٹیشن کے درمیان لوکل ٹرین کے دروازے پر کھڑے ہوکر کر تب بازی کرنے والا 20 برس کا نوجوان کھمبے سے ٹکر ا کر نیچے گر گیا، جسے زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
حادثہ میں ہلاک ہونے والے نوجوان کا لوکل ٹرین کے در وازے پر کھڑے ہو کر سٹنٹ کرنے کا ویڈیو وائرل ہوگیا ہے، نوجوان کی موت سے اہل خانہ پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کی لائف لائن لوکل ٹرین کے در وازے پر کھڑے ہو کر کرتب بازی کر تے ہوئے متعدد افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں، باوجود اس کے یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے، جبکہ ایسا ہی ایک حادثہ میں کلیان کے گووند واڑی میں رہائش پذیر 20 برس کے دلشاد خان نامی نوجوان کی کرتب بازی کے دوران موت ہوگئی تھی۔
خیال رہے کہ 29 دسمبر کو دلشاد خان اپنے دوست حُسین کے ساتھ بھائی کی شادی کے لیے کپڑے خریدنے کے لیے ممبئی جارہا تھا، چونکہ ٹرین میں زیادہ بھیڑ نہیں تھی اس لیے دلشاد لوکل ٹرین کے دروازے پر کھڑا ہو کر مختلف قسم کی کرتب بازی کرنے لگا، حالانکہ اُس کے دوست نے ایسے ایسا کرنے سے منع بھی کیا، لیکن وہ باز نہیں آیا۔