ایک جانب جہاں کورونا ویکسین کے تعلق سے مختلف قسم کی منفی باتیں اور افواہیں گشت کر رہی ہیں تو وہیں دوسری جانب مہاراشٹر کے ضلع واشم کی 70 سالہ بزرگ خاتون نے چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے۔
ویکسین لگنے کے بعد بینائی واپس آنے کا دعویٰ واشم کی متھورا بائی نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا ویکسین لینے کے بعد ان کی آنکھوں کی روشنی لوٹ آئی جس کی وجہ سے وہ بہت خوش ہیں۔
دراصل متھورا بائی جالنہ کی رہنے والی ہیں لیکن فی الحال وہ واشم میں اپنے رشتہ داروں کے گھر پر رہتی ہیں۔ ان کی کوئی اولاد نہیں ہیں جبکہ تقریباً 10 برس قبل موتیابند کی وجہ سے ان کی آنکھوں کی روشنی چلی گئی تھی لیکن جب انہوں نے کورونا ویکسین لی تو ان کی بینائی لوٹ آئی۔
متھورا بائی نے بتایا کہ 'انہوں نے 26 جون کو کورونا ویکسین لی اور اس کی اگلی صبح انہیں سب دکھائی دینے لگا جس سے ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا۔
متھورا بائی اور ان کے اہلخانہ نے بتایا کہ یہ چمتکار کورونا ویکسین کی وجہ سے ہوا ہے اس لیے اب وہ تمام لوگوں سے ویکیسن لینے کی اپیل کر رہے ہیں۔
متھورا بائی کو اب ہر پہلے کی بہ نسبت سب کچھ دکھائی دے رہا ہے اور وہ دوبارہ دنیا کی خوبصورتی دیکھ کر بہت خوش ہیں۔
اس درمیان واشم کے سول سرجن مدھوکر راتھوڑ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کورونا ویکیسن لینے کے بعد اس طرح کا کوئی واقعہ ہونے کی امید نہیں ہے وہ اس تعلق سے تحقیقات کریں گے تب ہی کچھ کہا جا سکتا ہے کہ آیا متھورا بائی کی بینائی کورونا ویکسین کی وجہ سے واپس آئی ہے یا یہ محض ایک اتفاق ہے۔