مہاراشٹرا: مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اجیت پوار نے اتوار کو یہاں کہا کہ سابق ایم ایل اے ونائک میٹے کی موت نے سب کو ہلا کر رکھ دیا اور مراٹھا تحریک نے آج اپنا مضبوط لیڈر کھو دیا۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر پوار نے کہا، 'شیو سنگرام پارٹی کے لیڈر اور سابق ایم ایل اے ونائک راؤ میٹے کی اچانک موت کے بارے میں سن کر صدمہ ہوا۔ ان کی موت سے آج مراٹھواڑہ کا ایک سچا بیٹا اور مراٹھا تحریک کا ایک مضبوط لیڈر کھو گیا ہے۔
مراٹھا سماج اور مہاراشٹر کے سماجی مسائل سے واقف اور مراٹھواڑہ کی ترقی کے لیے سرگرم مسٹر میٹے کی موت پر مسٹر پوار نے کہاکہ میں نے اپنے قریبی ساتھی کو کھو دیا ہے۔ وہ میرے ساتھی تھے جو مہاراشٹر کے سماجی شعبے میں طویل عرصے تک میرے ساتھ رہے۔ خیال رہے کہ سابق ایم ایل اے ونائک میٹے کی ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر ایک حادثے میں موت ہو گئی۔ وہ مراٹھا فیڈریشن کے سابق جنرل سکریٹری اور شیو سنگرام ایسوسی ایشن کے صدر تھے۔