شرد پوار نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اجیت پوار کا مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لیے بی جے پی کو حمایت دینے کا فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، نہ کہ این سی پی کا ہے۔ ہم ان کے اس فیصلہ کی حمایت یا تصدیق نہیں کرتے ہیں۔
شرد پوار نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بنانے کا فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔
شرد پوار نے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا کہ اس فیصلے سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے یہ اجیت پوار کا فیصلہ ہے۔
بی جے پی کے دیوندر فدنویس نے سنیچر کی صبح مسلسل دوسری مرتبہ ریاست کے19ویں وزیراعلی کے طورپر حلف لیا جبکہ این سی پی قانون ساز پارٹی کے رہنما اجیت پوار نے نائب وزیراعلی کے طورپر حلف لیا۔
اجیت پوار نے حلف لینے کے بعد کہا کہ انتخابی نتائج آنے کے بعد سے آج تک ریاست میں کو ئی بھی پارٹی حکومت نہیں بنا سکی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کسان مسئلہ سمیت کئی مسائل کا سامنا کر رہا ہے اس لیے ہم نے ایک مستحکم حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کے قیام کے بعد این سی پی کے صدر شردپوار نے حکومت میں شامل ہونے کے اجیت پوار کے فیصلہ سے کنارہ کرلیا ہے جبکہ فڑنویس نے دعوی کیا کہ ان کے پاس مکمل اکثریت ہے۔ اس طرح سے حلف برداری کے باوجود حکومت کی صورتحال اب تک واضح نہیں ہے۔
اجیت پوار کو کتنے اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے اور اکثریت کے لئے باقی اراکین اسمبلی کہاں سے آئیں گے، اس بارے میں انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔
حلف لینے کے بعد وزریراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر اور وزیر داخلہ امت شاہ نے فڑنویس اور اجیت پوار کو ٹوئٹ کرکے مبارکباد دی۔
فڑنویس نے کہاکہ مہاراشٹر میں وزیراعلی بننے کا موقع دینے کے لئے وزیراعظم نریندر مود ی اور وزیر داخلہ امت شاہ اور ایکزکیوٹیو صدر جے پی ندا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات 21اکتوبر کو ہوئے تھے اور نتائج 24اکتوبر کو آئے تھے۔ 288رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو سب سے زیادہ 105، شیو سینا کو 56، این سی پی کو 54اور کانگریس کو 44سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔