نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھر نے پی ایم مودی کا موازنہ بابائے قوم مہاتما گاندھی سے کیا ہے۔ جگدیپ دھنکھر نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مہاتما گاندھی کو پچھلی صدی کا "مہا پروش" (عظیم آدمی) اور پی ایم مودی کو اس صدی کا " یوگ پرش ( دور کا آدمی) قرار دیا ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مانیکم ٹیگور نے مبینہ طور پر مہاتما گاندھی کا وزیر اعظم نریندر مودی سے موازنہ کرنے پر نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نائب صدر کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا کے وہپ مانیکم ٹیگور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاکر کہا کہ انہوں نے بدتمیزی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ وی پی دھنکھر کی تقریر کے کلپ کو ٹیگ کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے لکھا کہ اگر آپ (مودی) کا موازنہ مہاتما گاندھی سے کرتے ہیں تو یہ شرمناک ہے جناب۔ ہم سب جانتے ہیں کہ بدتمیزی کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔۔ اب آپ اس حد کو پار کر چکے ہیں، اور مودبانہ گذارش ہے، اپنی کرسی اور عہدہ پر فائز رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
دھنکھر پیر کو ممبئی کے اوپرا ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ دھنکھر نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے ستیہ گرہ اور عدم تشدد کے ذریعے ہمیں انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرایا۔ بھارت کے کامیاب وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیں اس راستے پر گامزن کیا ہے جہاں ہم ہمیشہ جانا چاہتے تھے۔ دو عظیم شخصیات کے درمیان مماثلت کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے، دھنکھر نے کہا کہ ان دو عظیم شخصیات، مہاتما گاندھی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ایک چیز مشترک ہے۔ اس نے شریمد راج چندر جی کے سلسلے میں اس کی عکاسی کی ہے۔