ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں تعلقہ پُھلمبری سے پندرہ کلو میٹر فاصلے پر واقع ایک گاؤں کا نام ہے پیر باؤڑہ، اپنے نام کی طرح یہ گاؤں کئی معنوں میں منفرد ہے، اس گاؤں میں اینٹ سے تعمیر کیا ہوا مکان نظر نہیں آئے گا، کسی مکان پر سفیدی نظر نہیں آئے گی اور نہ ہی کوئی دو منزلہ عمارت نظر آئے گی۔
پیر باوڑہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ گاؤں میں واقع درگاہ حضرت شاہ میاں گنج بخش محمود سے والہانہ عقیدت کا نتیجہ ہے۔ گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے اگر کوئی اینٹ، چونا اور دو منزلہ عمارت کا کام کرتا ہے تو اُس پر غیبی آفات آنا شروع ہوجاتی ہیں، بات صرف یہاں تک محدود نہیں بلکہ گاؤں میں رہنے والے سبھی مذہب کے لوگ ہر اچھے کام کی شروعات حضرت شاہ میاں کے عرس کے بعد ہی کرتے ہیں۔