ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں سڑک حادثات آئے دن کا معمول بن چکا ہے، شہر کی مقامی شاہراہ پر روزانہ حادثات کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔
قومی شاہراہ نمبر 3 لبیک ہوٹل کے قریب گزشتہ رات 2 بجے کے قریب سڑک حادثے میں دو لوگوں کی جائے حادثے پر ہی موت ہوگئی ہے، جب کہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
مالیگاؤں: سڑک حادثے میں دو نوجوان ہلاک اس تعلق سے سماجی کارکن شفیق شیخ نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان سفیان احمد عمر (29) سال اور محمد انس عمر (20) سال گزشتہ رات ہوٹل میں کھانا کھانے کے لیے جارہے تھے کہ تبھی روڈ کراس کرتے وقت سامنے کی سمت سے آرہے ٹرک کو پیچھے سے ایک دوسرے ٹرک نے ٹکر ماری جس کی زد میں آجانے سے ان کی موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار سفیان احمد کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی اور محمد انس شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ اس حادثے میں پیچھے سے ٹکر مارنے والے ٹرک کی چھت پر سوئے ہوئے کلینر کو سر پر شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔
اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی پوار واڑی پولیس عملہ فوراً جائے حادثے پر پہنچا اور ہلاک شدگان کو سول ہسپتال روانہ کیا۔
اس ضمن میں سماجی کارکن شفیق شیخ نے بتایا کہ صبح فجر کے بعد پوسٹ مارٹم اور تمام قانونی تکمیل کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا۔ تو وہیں زخمی محمد انس سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے ٹرک کلینر کی لاش سول ہسپتال میں ہی رکھی گئی اور تمام قانونی تکمیل اور اہل خانہ سے رابطہ ہونے کے بعد لاش کو اہل خانہ کے سپرد کردیا جائے گا۔