ممبئی: ملک بھر میں 15 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر جوش و خروش کے ساتھ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی، سبھی مذہب کے افراد نے یوم آزادی کے موقع پر خوشی کا اظہار کیا اور جشن منایا۔ ایسے میں کچھ شرپسندوں کی جانب سے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ مہاراشٹر کے بلڈھانہ میں ایک نوجوان نے مبینہ طور پر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پڑوسی ملک کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی پرچم کے ساتھ یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پوسٹ کیا اور پاکستان کی آزادی پر فخر کا اظہار کیا، جس کے بعد کچھ ہندو تنظیموں نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق ملزم مزمل خان نامی نوجوان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ ’پاکستانی ہونے پر فخر ہے‘۔ اس نوجوان نے پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد بھی دی۔ اس کا متنازعہ پوسٹ وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ علاقہ میں بڑھتی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے سیکورٹی سخت کردی تاہم پولیس عہدیدار نے بتایا کہ صورتحال اب مکمل طور پر قابو میں ہے۔