اورنگ آباد:ریاستِ مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں عالمی خواتین جی ٹوئنٹی اجلاس کا مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس اجلاس کا مقصد دنیا بھر میں خواتین کو بااختیار بنانے کی کوشش ہے اس دو روزہ جی ٹوئنٹی اجلاس کے پہلے روز صنعتی نمائش، موسیقی کا پروگرام خواتین کو درپیش مسائل اس کے ساتھ ہی کانفرنس شروع ہونے سے قبل مسلم ممالک کی خواتین نے اورنگ آباد کی نورانی مسجد کا دورہ کیا۔ اورنگ آباد شہر میں جی ٹوئنٹی ویمنس کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے بہبود اطفال و خواتین اسمرتی ایرانی نے کہا کہ جی ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس دنیا بھر کی کروڑوں خواتین کی نمائندگی کرتی ہیں، اس کانفرنس میں خواتین کو کیسے بااختیار بنایا جائے، اس پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے، دراصل مرد اور عورت کو مساوی حقوق ہی اس کانفرنس کا اہم مقصد رہے گا۔ اورنگ آباد کے راما انٹر نیشنل ہوٹل میں افتتاحی اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں جی ٹوئنٹی ممبران ممالک کے علاوہ دوت ممالک اس طرح پچاس سے زائد ملکوں کے دیڑھ سو سے زائد مندوبین اورنگ آباد پہنچے ہیں، افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے اورنگ آباد شہر کی تاریخی اہمیت اور تہذیبی وثقافتی ورثے کا بھی ذکر کیا ، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا خواتین کو بااختیار بنانے کے معاملے میں سنجیدہ ہے اور یہ کانفرنس اس معاملے میں مثالی کانفرنس ثابت ہوگی، یہاں سے دنیا بھر کو خواتین کے تعلق سے مثبت پیغام جائیگا۔
بھارت میں خواتین کن کن شعبہ جات میں آگے ہیں ان کا ذکر کرتے ہوئے اسمرتی ایرانی نے کہا کہ ملک کی سیاست ہو، تعلیم ہو یا زراعت کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں خواتین اپنی چھاپ نہیں چھوڑ رہی ہیں ، بھارت میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں ، ہمارا ملک خواتین کی ترقی کے معاملے میں دنیا بھر کے لیے ایک مثال بن کر ابھرا ہے ، افتتاحی اجلاس سے قبل سے اورنگ آباد ایئر پورٹ پر پہنچنے والے غیر ملکی مہمانوں کا روایتی انداز میں پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر ایئرپورٹ کو پوری طرح سجایا گیا تھا، غیر ملکی مہمانوں میں شامل انڈونیشیا، سعودی عرب،ترکی اور دیگر مسلم ممالک سے اورنگ آباد پہنچیں خواتین نے اپنے دورے کا آغاز مسجد سے کرنے کی خواہش ظاہر کی جس بنا پر گار کھیڑہ علاقے میں واقع نورانی مسجد میں ان خواتین کو وزٹ کروائی گئی، اس وفد میں شامل گیارہ خواتین نے نورانی مسجد میں پندرہ منٹ گزارے ، اس موقع پر مسجد کمیٹی کے ارکان نے غیر ملکی مہمانوں کو پھول پیش کرکے ان کا استقبال کیا ، ساتھ ہی مضافاتی علاقے میں واقع مسجد کی دیکھنے کی خواہش پر حیرانی ظاہر کی جس پر انڈونیشا کی خواتین نے بتایا کہ گوگل میپ پر اس مسجد کے بارے میں جانکاری ملی تھی اس لیے اپنے دورے کا آغاز اسی مسجد سے کیا ۔