اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں مسلم یوتھ فورم کے زیر اہتمام دو روزہ مسلم ینگ لیڈرز کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے مسلم قائدین نے نوجوانوں کی رہنمائی کی کہ کس طرح زندگی کے مختلف شعبوں میں ہم اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکتے ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات سے مایوس ہونے کی قطعی ضرورت نہیں بلکہ ہمیں اپنے مقاصد کو ایک مشن مان کر پوری سنجیدگی سے اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس میں زندگی کے مختلف شعبوں کے ماہرین نے اپنے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں نوجوانوں کی رہنمائی کی، موجودہ حالات کے پیش نظر اس نوعیت کی کانفرنس کو کافی اہم مانا جارہا ہے ۔
اس دوران مجلس اتحادالمسلمین کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل نے مسلم نوجوانوں سے کہا کہ آپ نوجوانوں کو بھی سیاست میں آنا چاہیے لیکن اپنے ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ اپنی کمیونٹی اور سماج کے لیے کچھ بہتر کرنے کے لیے آنا چاہیے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے ترجمان فاروق احمد نے کہا کہ دنیا کے تمام قانون کی جڑ اگر کسی میں ہے تو وہ کنسٹیٹیوشن میں ہیں ویسے ہی دنیا میں اگر سب سے بڑا کوئی کانسٹیٹیوشن ہے تو وہ قرآن مجید ہے اسی لیے ہماری دینی تربیت بہت ضروری ہے کیونکہ دین میں ہی تمام مسائل کا حل ہے۔