اورنگ آباد: اورنگ آباد دیہی کرائم برانچ پولیس کو سلوڑ میں جننگ ملازمین سے 20 لاکھ روپے کی نقد رقم لوٹنے کے معاملے میں ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے جالنہ ضلع کے مختلف مقامات سے تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔ کرائم برانچ نے تینوں بدمعاشوں کو مزید تفتیش کیلئے سلوڑ سٹی پولیس کے حوالے کر دیا ہے اور انہیں مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا اس کے بعد ہی پولیس کی حراست میں ملزمان سے دیگر معلومات سامنے آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق 27 مارچ کو مقامی کنٹر روڈ پر واقع نوین کاٹن جننگ کے دو ملازمین معمول کے مطابق اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ سے پچیس لاکھ روپے کی رقم نکال کر بائک پر شہر سے جننگ جارہے تھے۔ شہر کے آنند پارک کے قریب راستے میں پیچھے سے موٹر سائیکل پر آئے نا معلوم ملزمان جننگ ملازمین سے پیسوں سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہو گئے تاہم بیگ چھیننے کے دوران موقع سے کچھ فاصلے پر تھیلے سے پانچ لاکھ روپے گر گئے، بعد میں ایک شخص نے اسے جننگ مالک کے حوالے کر دیا تاہم ڈاکو بیس لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔