ممبئی:گزشتہ روز ممبئی کے اسلام جمخانہ میں فلسطین کی حمایت میں احتجاج کیا گیا۔ جہاں فلسطین کی آزادی کو لیکر ملی تحریک تنظیم کی عوامی میٹنگ میں لوگوں نے اپنی حاضری درج کرائی۔ اس موقع پر ملی تحریک کے روح رواں اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ جب بھی پاکستان بنگلہ دیش میں مندروں پر حملے ہوتے ہیں، تو اس ملک کے لوگ اسکے لیے اپنی آواز بلند کرتے ہیں کیونکہ اُنکے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
بلکل اسی طرح سے مسلمانوں کا فلسطین کے ساتھ یہ رشتہ آج سے نہیں، بلکہ جب اس دنیا پر آدم علیہ سلام کا وجود عمل میں آیا تب سے ہے اور مسجد اقصیٰ اُن تین اہم مساجد میں سے ایک ہے جسکا ذکر قرآن پاک میں آیا ہے۔
اعظمی نے مزید کہاکہ فلسطین میں جو اسرائیل کا قبضہ ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ ہم یہ کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔ اس لئے پوری دنیا کے انصاف پسند لوگوں کو آواز اٹھانی چاہیے۔ ابو عاصم اعظمی نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی حمایت میں کھڑے ہونا کیا گناہ ہے، ہم اپنی مسجد کے لیے آواز اٹھائیں تو یہ گناہ ہے، اس کا مطلب کہ اس ملک میں جمہوریت ختم ہو چکی ہے اور آمریت عام ہو چکی ہے۔