ناگپور:ہر سال کی طرح اس سال بھی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے رضاکاروں نے وجے دشمی کے موقع پر آج پتھ سنچالن کیا۔ وجے دشمی کے موقع پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی جانب سے منعقد پروگرام میں گلوکار اور موسیقار شنکر مہادیون کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ۔ پتھ سنچالن پروگرام میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت اور گلوکار شنکر مہادیون نے حصہ لیا۔
آر ایس ایس کے وجے دشمی اتسو سے خطاب کرتے ہوئے، آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے نام لیے بغیر اپوزیشن پر ملک کی شبیہ کو بگاڑنے اور سماج کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ آر ایس ایس چیف نے کہا کہ ، "دنیا میں اور بھارت میں بھی کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ بھارت آگے بڑھے۔ وہ معاشرے میں دھڑے بندی اور تصادم پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہماری بے خبری اور یقین کی کمی کی وجہ سے ہم بھی بعض اوقات اس میں الجھ جاتے ہیں اور غیر ضروری پریشانیاں پیدا ہو جاتی ہیں، اگر بھارت ترقی کرتا ہے تو وہ اپنا مخالفت کا کھیل نہیں کھیل سکیں گے، اس لیے وہ مسلسل مخالفت کرتے رہتے ہیں ۔"