ممبئی: ممبئی کے باندرہ ٹرمنس پر ایک مسلم لڑکے کو جے شری رام کے نعرے لگا کر پیٹنے والوں کو لیکر رکن پارلیمنٹ سپریہ سلے نے کہا کہ وزارت داخلہ اس معاملے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ ریاست کے مختلف علاقوں میں جس طرح جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اسے دیکھنا چاہیے۔ میں نے کئی بار وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی ٹویٹ کیا ہے۔ اور اس معاملے کے بارے میں یہ بھی کہا ہے کہ جس طرح سے منی پور اور دیگر مقامات پر کیسز ہو رہے ہیں انہیں مہاراشٹر کے حالات کا بھی جائزہ لینا چاہیے اور ایک میٹنگ کرنی چاہیے۔
آپ کو بتادیں کی مجلس کے سابق رکن اسمبلی وارث پٹھان نے ایک ویڈیو کے ساتھ ٹویٹ کر کے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جس میں باندرہ ٹرمینس پر ایک مسلم لڑکے کو کئی لوگ جے شری رام کے نعرے لگا کر پیٹ رہے ہیں۔ اس معاملے میں ریلوے پولیس جانچ کر رہی ہے۔ ریلوے پولیس متاثرہ لڑکے سے اب تک رابطہ قائم کرنے میں ناکام رہی ہے۔