مالیگاؤں:مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں جمعیتہ علماء سلیمانی چوک کے زیر اہتمام 17 جون بروز سنیچر حج کمیٹی ہال میں ایک تربیتی و تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت سابق سی ای اہ حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود احمد خان نے ادا کی۔ اس موقع پر یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کا شہر کے تعلیمی ادارے کے ساتھ ساتھ ملی تنظیموں کے ذمہ داران و سرکردہ افراد نے منفرد انداز میں استقبال کیا۔
اس موقعے پر نومنتخب سول سروس سروسٹ سید حسین رمضان نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ انہوں نے 2017 میں سول سروسز امتحان کی تیاری شروع کی تھی لیکن مسلسل جدوجہد و کوشش کے بعد کامیابی 2023 میں حاصل ہوئی۔ انہوں نے سول سروسز امتحان کی تیاری کرنے والے طلباء کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے سوچ لیا ہے کہ آپ کو سول سروسز امتحان دینا ہے تو مسلسل محنت و کوشش کرنی ہوگی اور اس امتحان میں کامیاب ہونے میں وقت لگتا ہے لیکن اس کے بعد بہترین نتائج آپ کے سامنے ہوتے ہیں۔
وہیں نومنتخب شبینہ انصاری نے کہا کہ انہوں نے سول سروسز امتحان کے علاوہ اور بھی اس سے متعلقہ امتحانات دیے ہیں۔ پہلی بار میں انہوں نے خود کے مطالعہ کے بناء پر امتحان دیا لیکن بہتر نتائج نہ حاصل ہونے کی صورت میں حج ہاوس کوچنگ سینٹر سے امتحان کی تیاری کی شروعات کی اور پھر کامیابی حاصل ہوئی۔ شبینہ انصاری نے سول سروسز امتحان کی تیاری کرنے والی طالبات کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میں حوصلہ و ہمت ہے تو آپ منزل کی پرواہ کیے بغیر کوشش اور جدوجہد کیجئے کامیابی آپکے قدم چومے گئی۔