ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کو تقسیم کرنے کے فیصلہ کو لے کر آج طلباء تنظیموں کی جانب سے حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
اس دوران طلباء نے وزیر تعلیم اودے سامنت کے قافلہ کو سیاہ پرچم دکھانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے بروقت مداخلت کرکے طلباء کی اس کوشش کو ناکام کردیا۔ اور چھ طلبا کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
اس موقع پر طلبا کی جانب سے کالے رنگ کا میمورنڈم کالے رنگ کی پرچم لہرا کر پولیس کارروائی کی مذمت کی گئی، وہیں طلباء یونین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی فائدہ کے لیے عثمان آباد سب سینٹر کو علاحدہ یونیورسٹی بنانے کی سازش کر رہی ہے۔
طلباء یونین کے کارکنان نے کہا کہ طلباء کے مستقبل سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے، اس طرح کے اقدامات دلت طلبا کو الجھائے رکھنے کی سازش ہے۔
ادھر وزیر تعلیم ادے سامنت کا کہنا ہے کہ 'یونیورسٹی کو تقسیم کرنے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہے جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہے ریاستی وزیر نے صاف کہا کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔