ممبئی: اجیت پوار کی وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور بی جے پی کے رہنما دیویندر فڑنوس سے ملاقات کے بعد مہاراشٹر کی سیاست میں اچانک ابال آ پڑی ہے۔ شیوسینا (شندے گروپ) کے 16 اراکین اسمبلی کی رکنیت کے بارے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی بھی دن آسکتا ہے۔ اگر سپریم کورٹ نے 16 ایم ایل اے کو نااہل قرار دیا تو شندے-فڑنویس حکومت مشکل میں پڑ جائے گی۔ ایسے میں حکومت بچانے کے لئے روز نئی نئی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ ادھو کی شیوسینا کو توڑنے کے بعد بی جے پی این سی پی کو توڑنے کے لئے اجیت پوار پر پوری کوشش کر رہی ہے۔ اسی لئے اجیت پوار کی فڑنویس-شندے کے ساتھ ملاقات جمعرات کو موضوع بحث رہی۔
اجیت پوار نے بدھ کو وزیراعلی ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلی دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی۔ بظاہر یہ میٹنگ غیر موسمی بارشوں اور ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کو مدد فراہم کرنے کے نام پر تھی۔ سہیادری گیسٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات تقریباً 50 منٹ تک جاری رہی۔ مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان اجیت پوار کی فڑنویس اور شندے سے ملاقات کے وقت کو لے کر دن بھر بحث و مباحثہ کا بازار گرم رہا جس سے بی جے پی اور این سی پی کے درمیان قربت دیکھی جا سکتی ہے۔ قیاس آرائیوں کا بازار اس لئے بھی گرم رہا کیونکہ یہ ملاقات منگل کی رات ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار کی ڈیڑھ گھنٹے کی میٹنگ کے بعد ہوئی۔